ملک کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو عوام نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
حیدر آباد، ملتان، فیصل آباد، سکھر، بدین، راجن پور، کمالیہ، گھوٹکی، نصیرآباد سمیت مختلف شہروں کے عوام نے طبی عملے سے اظہار یکجہتی کے لیے سفید جھنڈے لہرائے اور گیت گائے۔
حیدرآباد میں گورنمنٹ اسپتال کوہسار کے باہر شہریوں اور رکن قومی اسمبلی صابر قائمخانی نے طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سفید پرچم لہرائے، اس موقع پر تیمور نامی نوجوان نے گٹار کی دھن پر گانا گا کر سماں باندھ دیا۔
ملتان شہریوں نے ڈاکٹر سے اظہار یکجہتی کے لئے سفید جھنڈے لہرائے، جن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اس وبا کے خلاف فرنٹ مین سپاہی ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
فیصل آباد میں بچوں،جوانوں اور بزرگ افراد نے سفید جھنڈے اٹھا کر ڈاکٹروں کے حق میں نعرے لگائے اور ڈاکٹروں کو اپنا ہیرو قرار دیا۔
سکھر میں تاجر برادری اور شہریوں نے عمارتوں کی چھتوں پر سفید پرچم تھامے ڈاکٹرز سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
بدین میں تھیلیسمیا میں مبتلا مریض بچوں نے سفید جھنڈے لہرائے شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔
راجن پور میں ریسکیو 1122 کے دستے نے سلامی پیش کی سفید پرچم کے ساتھ ڈاکٹرز کو سلام پیش کیا گیا۔
اس کے علاوہ کمالیہ،گھوٹکی، نصیر آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے کو شہریوں کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔


ConversionConversion EmoticonEmoticon